خوشگوار ماحول میں رام نومی منانے کے لیے تمام متعین مجسٹریٹ اور پولس افسران پوری طرح چوکس رہیں:ڈی ایم
شہر کے این آئی سی آڈیٹوریم میں ہائبرڈ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ضلع الیکشن آفیسر-کم-ضلع مجسٹریٹ منیش کمار مینا کی صدارت میں ہر سال کی طرح امسال بھی رام نومی تہوار کو آپسی بھائی چارہ, گنگا جمنی تہذیب کے ماحول میں منانے اور جلوس کے موقع پر نظم و نسق بنائے رکھنے کے مقصد سے تمام سب ڈویژنل افسران، سب ڈویژنل پولس افسران، تمام سینئر سب کلکٹر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولس بشمول تمام ضلع اور بلاک سطح کے افسران اور پولس افسران کے ساتھ تبادلہ خیال اور بات چیت کے لئے ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔
مذکورہ میٹنگ میں رام نومی تہوار کے بارے میں بتایا گیا کہ 14 اور 15 اپریل کو مختلف گھاٹوں میں چیتی چھٹھ پوجا منائی گئی اور اس دوران چند مقامات پر چیتی درگا کی مورتی بھی نصب کی گئی. 17 اپریل 2024 کو رامنومی کے موقع پر ماں درگا کی مورتیوں کا وسرجن کیا جاتا ہے. اس دوران جلوس نکالنے کی بھی روایت ہے۔
اس دوران زیادہ بھیڑ بھاڑ رہنے کی وجہ سے شرپسند عناصر بھی جلوس میں شامل ہو جاتے ہیں اور دوسرے مذاہب کے بارے میں تبصرے اور نعرے لگانے سے باہمی ہم آہنگی بگڑنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ کئی جگہوں پر چھوٹے چھوٹے واقعات کی وجہ سے آپسی لڑائی پرتشدد شکل اختیار کر لیتی ہے اور اس سے امن و امان کے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے تمام افسران اور پولس اہلکاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس سال تمام قسم کے تہوار آپسی بھائی چارے اور گنگا جمنی تہذیب کے ساتھ منائے گئے ہیں۔ امید کی جاتی ہے کہ تمام عہدیداروں اور پولس افسران کی چوکسی اور مستعدی سے ضلع میں رامنوانی کا تہوار بھی پرامن اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ اس کے علاوہ ضلع مجسٹریٹ نے تمام مجسٹریٹ اور پولس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ڈیپوٹیشن کے مقام پر بروقت پہنچیں چوکسی کے ساتھ تعینات رہیں اور حساس مقامات پر خصوصی چوکسی اختیار کریں. امن و امان برقرار رکھیں اور قابل اعتراض تبصروں کو روکیں۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم پر ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے، ڈی جے پر مکمل پابندی، بغیر لائسنس کے جلوسوں پر پابندی عائد کرنے کی ہدایات دیں. ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ذریعہ لوک سبھا انتخابات 2024 کے اعلان کے پیش نظر ضلع میں ماڈل ضابطہ اخلاق نافذ ہے. اس لئے رام نومی کے جلوس کے موقع پر لوگوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کے قواعد کی 100 فیصد تعمیل کو یقینی بنائیں۔
ڈی ایم نے حساس روٹ اور جلوس کے لیے ویڈیو گرافر کی تعیناتی کا حکم دیا تاکہ سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کی جاسکے۔
پولس سپرنٹنڈنٹ جتیندر کمار نے تمام افسران اور پولس افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوامی مقامات اور چوراہوں پر شراب نوشی کرنے والوں کی بریتھ اینالائزر کے ذریعہ سخت چیکنگ کریں، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کڑی نظر رکھیں اور اپنے متعلقہ تھانوں میں گشت کریں۔ سماج دشمن سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے عناصر کی نشاندہی کرکے ان پر کڑی نظر رکھنے اور امن و امان کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ اور پولس انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے۔ سخت حفاظتی انتظامات کے لیے مختلف مقامات پر انتظامی افسران، پولس افسران اور پولس فورس کی کافی تعداد تعینات کی گئی ہے اور حساس مقامات پر اضافی پولس افسران اور مجسٹریٹ کو تعینات کیا جا رہا ہے۔
رام نومی کے تہوار کو پرامن ماحول میں منعقد کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ نے متعدد مقامات پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مجسٹریٹ، پولیس افسران اور پولس فورس کو کافی تعداد میں تعینات کیا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع کے انتہائی حساس علاقوں میں ایڈیشنل مجسٹریٹ، پولس افسران اور پولس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔ کٹیہار کلکٹریٹ کے احاطے میں تین ٹیلیفون نمبر - 06452-242400، 239025 اور 239026 قائم کیے گئے ہیں، جن میں ہر شفٹ میں مجسٹریٹ اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
اس میٹنگ میں ضلع افسر، پولس سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر کے ساتھ ضلع اور بلاک سطح کے افسران، پولس افسران اور تمام تھانوں کے انچارج نے شرکت کی۔